نئی دہلی، 21 جون (آئی این ایس انڈیا) دہلی کے صفدرجنگ انکلیو میں سیکیورٹی گارڈز نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر وزارت خارجہ کے ایک ریٹائرڈ اہلکار کے گھر لوٹ مار کی وردات کوانجام دیا۔ واردات کے دوران انہوں نے ایک بزرگ افسر پر حملہ کیا اوران کی 88 سالہ بیوی کو چاقو سے وار کرکے ہلاک کردیا۔ اتوار کے روز پولیس نے یہ اطلاع دی۔
پولیس نے بتایا کہ 94 سالہ بی آر چاولا اور ان کی اہلیہ کانتا چاولا کچھ سال قبل اپنے دو بچوں کی موت کے بعد تنہا رہ رہے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ ہفتہ کی رات 9 بجے کے قریب اس وقت پیش آیا جب حال میں ڈیوٹی پرآآیا عمارت کا سیکیورٹی گارڈ اپنے دو تین ساتھیوں کے ساتھ چاولا کے گھر پہنچا۔
انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی گارڈ اور اس کے ساتھی زبردستی گھر میں داخل ہوئے اور انہیں ایک صوفے پر بٹھادیا۔ ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ جب کانتا نے لوٹ مار کی کوشش کی مخالفت کی تو ایک ملزم نے اس پر نوکیلی چیز سے حملہ کردیا۔ وہ بیہوش ہوکر صوفے پر گر پڑی۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد وہ نقدی اور زیورات لے کر بھاگ گئے۔
پولیس نے بتایا کہ اس کے بعد چاولہ کسی طرح گھر سے باہر نکلا اور پڑوسیوں کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ زخمی خاتون کو فوری طور پر قریبی اسپتال لایا گیا جہاں وہ دم توڑ گئیں۔ پولیس نے بتایا کہ اس ضمن میں ایک مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔